ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی اور نتیش کمار کو کامیاب بنانے کے بعد ،پرشانت کشور کرناٹک میں کانگریس کو کامیاب بنانے کوشاں

مودی اور نتیش کمار کو کامیاب بنانے کے بعد ،پرشانت کشور کرناٹک میں کانگریس کو کامیاب بنانے کوشاں

Wed, 01 Mar 2017 12:27:44    S.O. News Service

بنگلورو،28؍فروری(ایس او نیوز) پچھلے لوک سبھا انتخابات میں وزیراعظم نریندر مودی کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کے بعد بہار اسمبلی انتخابات میں جنتادل (یو) رہنما اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کیلئے منصوبہ سازی کرکے غیر معمولی کامیابی کا محاذ کھڑا کرنے والے انتخابی منتظم پرشانت کشور اب ریاست میں اگلے انتخابات میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کی حکمت عملی تیار کرنے کے سلسلے میں کرناٹک کا رخ کریں گے۔ کانگریس اعلیٰ کمان نے طے کیا ہے کہ 2018 اسمبلی انتخابات میں کسی بھی حال میں کانگریس کو ریاست میں برسر اقتدار لانا ہے۔ تو پرشانت کشور کی خدما ت کا استعمال ضروری ہوگیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں مودی کو کامیابی سے ہمکنار کرکے پرشانت کشور نے اپنی مختلف صلاحیتوں کا ثبوت پیش کیاتھا، لیکن وزیراعظم مودی پرشانت کشور کے ساتھ چونکہ وفادار نہیں رہے اسی لئے پرشانت کشور نے بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا ساتھ چھوڑ کر نتیش کمار کی جنتادل (یو) کا ہاتھ تھام لیا اور وہاں اپنی حکمت عملی کے ذریعہ نتیش کمار اور لالو پرساد یادو اتحاد کو تقویت دی، اور یہ اتحاد اقتدار پر آنے میں کامیاب ہوگیا۔ مختلف ریاستوں کی صورتحال سے بخوبی واقف پرشانت کشور کی خدمات کو کرناٹک کیلئے حاصل کئے جانے کے متعلق پارٹی اعلیٰ کمان کی دلچسپی پر کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کافی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ اے آئی سی سی نائب صدر راہول گاندھی نے خود کرناٹک میں پارٹی کو دوبارہ اقتدار پر لانے کے مقصد سے پرشانت کشور کی خدمات کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حال ہی میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کی صدارت میں منعقدہ کانگریس رابطہ کمیٹی کی میٹنگ میں بھی یہ معاملہ زیر بحث آیا۔ایک طرف کانگریس اقتدار پر آنے کیلئے پرشانت کشور ماہر منصوبہ ساز کی خدمات حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے تو دوسری طرف ریاستی کانگریس میں سینئر لیڈروں کو نظر اندازکئے جانے کے سبب پیدا شدہ بحران پارٹی کی پریشانیوں کا سبب بنا ہوا ہے۔ میٹنگ میں محسوس کیاگیا کہ پارٹی نائب صدر راہول گاندھی چونکہ یو پی انتخابات کے سلسلے میں بہت مصروف ہیں، اسی لئے ریاست کے کسی بھی منصوبے کو لے کر ان سے بات چیت نہ کی جائے۔ ریاست میں ووٹروں کی تعداد مختلف علاقوں میں ووٹنگ کے رجحانات اور عوام کے جھکاؤ کے سلسلے میں مکمل تفصیلات پرشانت کشور کے سامنے رکھی جائیں گی ۔ پریشانت کشور نے پہلے ہی ریاستی کانگریس کے عہدیداروں سے اس سلسلے میں بات چیت کی پہل کی ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ اور وزیر اعلیٰ سدرامیا اس معاملے میں پرشانت کشور سے ایک دور کی بات چیت بھی کرچکے ہیں، خاص طور پر ریاستی کانگریس میں پھیلی ہوئی بدنظمی ، پارٹی کارکنوں کی ضابطہ شکنیوں اور مختلف کارکنوں کی طرف سے پارٹی کی ہدایات کو نظر انداز کئے جانے کے سلسلے کو روکنے کیلئے داخلی حکمت عملی اپنانے پرشانت کشور کی طرف سے کے پی سی سی قائدین کی طرف سے رہنمائی کی جائے گی۔ساتھ ہی دن بدن مضبوط ہونے کا دعویٰ کرنے والی بی جے پی کو ناکام بنانے کیلئے بھی پرشانت کشور کی رہنمائی حاصل کی جائے گی۔


Share: